ایل اے 3میرپور کا غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ ‘پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار اور پارٹی کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کامیاب

میرپور۔25جولائی (اے پی پی):آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے حلقہ ایل اے 3میر پور سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے قریبی حریف پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری محمد سعید کو 3128ووٹوں سے شکست دے کر اپنے آبائی حلقے کی نشست جیت لی۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر /ڈسٹرکٹ سیشن جج میرپورکی طرف سے موصولہ غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق اس حلقے سے بیرسٹر سلطان محمود چوہدری 18462ووٹ حاصل کر کے فاتح قرار پائے ہیں جبکہ ا ن کے مدمقابل قریب ترین حریف پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چوہدری محمد سعید نے 15334ووٹ حاصل کئے۔ایل اے 3سے تحریک لبیک پاکستان کے امیدوار حمیر چوہدری 5591ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی کے امیدوار چوہدری اشرف نے 1375ووٹ حاصل کئے اور مسلم کانفرنس کے امیدوار شہزادہ اقبال صرف 350ووٹ حاصل کر سکے ۔

سلطان محمود چوہدری کی کامیابی کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے پرجوش کارکن مرکزی الیکشن سیکرٹریٹ میں جمع ہوئے اور سلطان محمود چوہدری جو پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے صدر بھی ہیں کی فتح کا جشن منایا ۔ اس موقع پر کارکنوں کا جوش و ولولہ دیدنی تھا اور کارکنوں نے پرجوش انداز میں وزیراعظم عمران خان اور بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کےحق میں نعرے لگا ئے اور ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا۔