پاکستان تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات میں سادہ اکثریت سے کامیابی حاصل کرلے گی ، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد۔26جولائی (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر انتخابات سادہ اکثریت سے جیت جائے گی۔ اتوار کو نجی ٹیلی ویڑن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف آزاد جموں وکشمیر میں حکومت بنائے گی اور کشمیر کاذ کو تقویت دینے کے لئے کوششیں جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ نتائج اجرا میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔

پری پول دھاندلی سے متعلق الزامات کے بارے میں سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے متعدد مواقع پر حزب اختلاف کی جماعتوں کو الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم (ای وی ایس) متعارف کروانے کی پیشکش کی۔ ایسے الزامات سے نجات کے لئے الیکٹرانک ووٹنگ کا نظام اپنانے کی اشد ضرورت ہے۔

کشمیر کاذ اور اپوزیشن کے شور شرابے پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتیں کشمیر کے حوالے سے سیاست کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی کسی صورت مسئلہ کشمیر پر سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ پاکستان تحریک انصاف آزاد جموں و کشمیر میں حکومت تشکیل دینے کے بعد بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جوں و کشمیر کے لئے بھر پور انداز میں آواز اٹھائے گی۔