وزیراعظم عمران خان دلیر سفیر اور سچے وکیل کے طور پر ہر عالمی فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑتے رہیں گے، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب

اسلام آباد۔26جولائی (اے پی پی):وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان دلیر سفیر اور سچے وکیل کے طور پر ہر عالمی فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑتے رہیں گے، جن لوگوں نے کشمیر کا سودا کیا انھیں آج کشمیریوں نے ووٹ سے ’’ریجیکٹیڈ‘‘ بنا دیا ہے، آزاد کشمیر اور ملک کے مختلف حصوں میں بسنے والے کشمیریوں کا شکریہ ،جنہوں نے وزیر اعظم عمران خان پر اعتماد کا اظہار کیا،کشمیریوں نے پی ٹی آئی کو جو مینڈیٹ دیا اس کے احترام کے ساتھ ساتھ تعمیر و ترقی کا جال بچائیں گے۔

پیر کو آزاد کشمیر الیکشن بارے بیان میں وزیر مملکت فرخ حبیب نے کہا کہ کشمیر کے عوام نے دھونس، دھاندلی، الزامات اور تنقید کی سیاست کو زمین بوس کردیا، مریم اور بلاول گلگت بلتستان کے بعد آزاد کشمیر میں عبرت ناک شکست کے بعد اب کیسا محسوس کررہی ہے ؟انہوں نے کہا کہ25 جولائی ، تاریخ کا حصہ بن چکا ہے، اس دن کشمیریوں نے مودی کے یاروں، جعلی اکاؤنٹس، منی لانڈرنگ اور سرٹیفائیڈ جھوٹوں کو سبق سکھایا ،

ملک میں عام انتخابات کے بعد گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے عوام نے دونوں کرپٹ جماعتوں کو الوداع کہہ دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو اپنی شادیوں پر مودی کو بلائیں، آموں اور ساڑھیوں کے تحائف لیں، حریت رہنماؤں کو نظر انداز کریں ،کشمیری ان کو کبھی معاف نہیں کرسکتے۔