Associated Press of Pakistan

سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے یوکے اور پاکستان کے سرمایہ کاروں کا مشترکہ اجلاس برطانیہ میں ہو گا، میاں کاشف اشفاق

اسلام آباد۔15اگست (اے پی پی):یوکے پاک بزنس کونسل کے پاکستان چیپٹر کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے یوکے اور پاکستان کے سرمایہ کاروں کا مشترکہ اجلاس برطانیہ میں منعقد کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بات اتوار کو چوہدری ارائب ارائیں کی قیادت میں درآمد و برآمد کنندگان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ دنیا کی پانچویں بڑی معیشت ہے جس کا عالمی جی ڈی پی میں حصہ تین فیصد ہے، جبکہ برطانیہ دنیا کا 9 واں بڑا برآمدی اور چوتھا بڑا درآمدی ملک ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوکے پاک بزنس کونسل پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور معیشت کے مختلف شعبوں میں مشترکہ منصوبوں کے لیے سرمایہ کاروں کے درمیان رابطے میں موثر کردار ادا کر رہی ہے اور وزیراعظم عمران خان کی جانب سے خصوصی غیرمعمولی مراعات کے پیکج کے بارے میں آگاہی پیدا کررہی ہے جس کے تحت تمام غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے بہترین مراعات دی گئی ہیں۔ میاں کاشف نے کہا کہ برطانیہ کو پاکستان کی برآمدات میں 33 فیصد اضافہ ہوا ہے، جون 2021 میں ختم ہونے والے مالی سال میں اس کا حجم 2.025 بلین ڈالر تک پہنچ گیا ہے

جبکہ مالی سال 2020 کے دوران یہ حجم 1.522 بلین ڈالر تھا جس میں زیادہ حصہ ٹیکسٹائل مصنوعات ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ سے ترسیلات زر میں 58 فیصد اضافہ ہوا ہے جو مالی سال 2020 میں 2.569 بلین ڈالر سے بڑھ کر 4.067 بلین ڈالر ہو گئیں اور یہ ہماری معیشت کے لیے ایک اچھی علامت ہے۔ کوویڈ 19 کی وجہ سے پیدا ہونے والے بحران کے بعد برطانوی کمپنیوں کو بنگلہ دیش، بھارت اور چین پر ضرورت سے زیادہ انحصار کی پالیسی میں کمزوری کا احساس ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانوی سرمایہ کاروں کی مدد ، رہنمائی اور سہولت کے لیے لاہور آفس میں خصوصی سہولت مرکز قائم کر دیا گیا ہے اور انہیں انویسٹمنٹ اور سائٹس کے دورے کیلئے تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔