نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں کورونا وائرس کے 33 نئے کیس رپورٹ، لاک ڈائون میں ہفتے کی توسیع

ولنگٹن۔13ستمبر (اے پی پی):نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا آرڈرن نے کورونا وائرس کے33 نئے کیس رپورٹ ہونے اور نئی قسم ڈیلٹا کے پھیلائو کو روکنے کے لیے سب سے بڑے شہر آکلینڈ میں لاک ڈائون میں ایک ہفتے کی توسیع کر دی ہے۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے نے وزیر اعظم کے حوالے سے بتایا کہ انھوں نے پیر کو لاک ڈائون میں توسیع کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نیوزی لینڈ کے 20 لاکھ افراد کی آبادی والے سب سے بڑے شہر آکلینڈ میں متعدد پراسرار کیسزسامنے آنے کے باعث انہیں مزید لاک ڈائون میں رہنا ہو گا ،

تاہم ان کیسز کا زیادہ کیسز والے علاقوں سے کسی بھی تعلق کاابھی تک کوئی ثبوت نہیں ملا ۔ انہوں نے کہا کہ پراسرار کیسز ابھی تک رپورٹ ہو رہے ہیں اور یہ کہ ہم کیسز کی منتقلی کا سراغ لگانے کے بجائے نگرانی اور علاقے کے لوگوں کے ٹیسٹوں کے ذریعے ان کیسز کی تلاش کر رہے ہیں ۔

نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ میں کورونا وائرس کی نئی قسم ڈیلٹا کا پہلا کیس رپورٹ ہونے کے باعث 17 اگست کو لاک ڈائون نافذ کیا گیا تھا لیکن گزشتہ ہفتے آکلینڈ سے باہر کے علاقوں میں لاک ڈائون ختم کر نے کے بعد نئے کیسز سامنے آئے ہیں