امریکی صدر 21 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے

امریکی صدر 21 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے

واشنگٹن۔14ستمبر (اے پی پی):امریکی صدر جو بائیڈن 21 ستمبر کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق وائٹ ہائوس کی ترجمان جین ساکی نے گزشتہ روز ایک بیان میں بتایا کہ امریکی صدر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے لیے 21 ستمبر کو نیویارک روانہ ہوں گے ۔

ترجمان نے کہا ہے کہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں امریکا اور مختلف ممالک کے درمیان تعلقات، مختلف شعبوں جیسے کورونا وائرس، ماحولیاتی بحران سے نمٹنے کے اقدامات ، جدید ٹیکنالوجیز اور سائبر سپیس میں شراکت داری اور انڈو پیسیفک ریجن میں آزادانہ سرگرمیوں کے فروغ کے لیے عملی تعاون کو مضبوط کرنے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا اجلاس گزشتہ سال کورونا وائرس کی وبا کے باعث ورچوئل منعقد ہوا تھا لیکن رواں سال یہ اجلاس ہائبرڈ ۔ان پرسن۔ ورچوئل فارمیٹ کے ساتھ منعقد ہو رہا ہے یعنی اس اجلاس میں مختلف ممالک کے نمائندے خود شریک ہوں گے جبکہ بعض ورچوئل شرکت کریں گے۔

قبل ازیں وائٹ ہائوس نے کہا کہ آسٹریلیا، جاپان اور بھارت کے وزرائے اعظم 24 ستمبر کو امریکا کا دورہ کریں گے اور امریکی صدر جوبائیڈن سے وائٹ ہائوس میں ملاقات کریں گے۔