روشن ڈیجیٹل اکائونٹ ، سمندر پار مقیم پاکستانیوں سے رقوم کی وصولی رواں سال بڑھ کر3.5 تا4 ارب ڈالر ہونے کی توقع

اسلام آباد۔16ستمبر (اے پی پی):روشن ڈیجیٹل اکائونٹ (آر ڈی اے) کے تحت سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی جانب سے رقوم کی وصولی رواں سال (2021 )کے اختتام تک بڑھ کر3.5 تا4 ارب ڈالر ہونے کی توقع ہے۔

پاکستان کویت انویسٹمنٹ کمپنی کے شعبہ ریسرچ کے سربراہ سمیع اللہ طارق نے بتایا کہ ستمبر 2020 میں ملک کے مرکزی بینک کی جانب سے آرڈی اے کا آغاز کیا تھااور جولائی 2021 کے خاتمہ تک سمندر پار مقیم پاکستانیوں نے آر ڈی اے میں 1.87 ارب ڈالر جمع کرائے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ آرڈی اے کی لانچنگ کے بعد تقریباً10 ماہ کے دوران روشن ڈیجیٹل اکائونٹ میں 1.87 ارب ڈالر موصول ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 2 ماہ (جون اور جولائی 2021 )کے دورا ن آر ڈی اے کے ذریعے رقوم کی وصولیاں اوسطاً ماہانہ 300 ملین ڈالر سے زیادہ رہی ہیں اور اگر رواں سال 2021 کے بقیہ پانچ ماہ میں اگست تا دستمبر 2021 کے دوران بھی وصولیوں کی یہ شرح برقرار رہیتی ہے یا اس میں اضافہ ہوا تو توقع ہے کہ رواں سال کے آخر تک روشن ڈیجیٹیل اکائونٹ میں جمع کروائی گئی رقوم کا حجم بڑھ کر3.5 ارب ڈالر تا 4 ارب ڈالر ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آر ڈی اے کے آغاز کے بعد ہر ماہ رقوم کی وصولی میں مسلسل اضافے کا رجحان رہا ہےاور اس میں مزید اضافہ ممکن ہے۔