قومی معیشت کے 9 مختلف شعبوں کی برآمدات میں جولائی کے دوران 10 تا 252 فیصد تک اضافہ ہوا، وزارت تجارت

قومی معیشت کے 9 مختلف شعبوں کی برآمدات میں جولائی کے دوران 10 تا 252 فیصد تک اضافہ ہوا، وزارت تجارت

اسلام آباد۔17ستمبر (اے پی پی):قومی معیشت کے 9 مختلف شعبوں کی برآمدات جولائی 2021 میں بڑھ کر ڈبل ڈیجٹ تک پہنچ گئیں۔ وزارت تجارت کی رپورٹ کے مطابق جولائی 2021 کے دوران نو مختلف شعبہ جات کی شرح نمو ڈبل ڈیجٹ تک بڑھی ہے ۔

جولائی 2020 کے مقابلہ میں جولائی 2021 میں گارمنٹس ، ہوم ٹیکسٹائل، پھلوں اور سبزیوں، مکئی اور پلاسٹک کی مصنوعات سمیت دیگر مختلف شعبوں کی برآمدات میں ڈبل ڈیجٹ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق جولائی 2021 کے دوران مردانہ ملبوسات کی برآمدات میں 23 فیصد اضافہ سے برآمدات کی مالیت 406 ملین ڈالر تک پہنچ گئیں۔ اسی طرح ہوم ٹیکسٹائلز کی قومی برآمدات بھی تقریباً 10 فیصد اضافہ کے نتیجہ میں زرمبادلہ کا حصول 380 ملین ڈالر تک بڑھا ہے۔

مزید برآں اس دوران جرسی کپڑااور گرم ملبوسات کی برآمدات میں 46 فیصداضافہ سے برآمدات کی مالیت 81 ملین جبکہ پھلوں اور سبزیوں کی قومی برآمدات میں 20 فیصد اضافہ کے نتیجہ میں برآمدات کا حجم 61 ملین ڈالر اور ٹی شرٹس کی برآمدات میں بھی 22 فیصد اضافہ سے برآمدات کی مالیت 49 ملین ڈالر تک بڑھی ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق ایتھائل الکوحل کی برآمدات میں 252 فیصد اضافہ ہونے سے برآمدات کا حجم 47 ملین ڈالر اور جرابوں وغیرہ کی برآمدات کا حجم 19 فیصد اجافہ کے باعث زرمبادلہ کا حصول 42 ملین ڈالر تک پہنج گیا۔