سنٹرل پنجاب کی ٹیم سندھ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے فائنل میں پہنچ گئی

لاہور۔12اکتوبر (اے پی پی):نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں سنٹرل پنجاب نے سندھ کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے، سنٹرل پنجاب نے 142 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، سنٹرل پنجاب کے بائولر قاسم اکرم کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے فائنل میں سنٹرل پنجاب کا مقابلہ خیبرپختونخوا سے ہوگا۔

منگل کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں سنٹرل پنجاب کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ سندھ کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 141 رنز بنائے۔ سندھ کے اوپنرز نے 50 رنز کی شاندار پارٹنر شپ قائم کی تاہم ان کے آئوٹ ہونے کے بعد کوئی بیٹر سنبھل کر نہ کھیل سکا۔ خرم منظور 34 اور شرجیل خان 32 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ سہیل خان نے 21 اور میر حمزہ نے 9 بالوں پر 19 رنز کی اننگز کھیلی۔ سنٹرل پنجاب کی طرف سے قاسم اکرم تین وکٹیں حاصل کرکے کامیاب ترین بائولر رہے

کپتان وہاب ریاض اور ظفر گوہر نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ سنٹرل پنجاب نے 142 رنز کا ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 18ویں اوور میں ہی حاصل کرلیا۔ کامران اکمل نے 36 بالوں پر 51 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ احمد شہزاد 49 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ سندھ کی طرف سے سہیل خان، میر حمزہ اور ابرار احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ سنٹرل پنجاب کے بائولر قاسم اکرم کو تین وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس طرح سنٹرل پنجاب نے سندھ کو سات وکٹوں سے شکست دے کر نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے۔ فائنل میں (آج) بدھ کو سنٹرل پنجاب کا خیبرپختونخوا کے ساتھ مقابلہ ہوگا۔