جنوبی افریقہ کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم آئندہ سال فروری میں پاکستان کا دورہ کرے گی،سید سلطان شاہ

اسلام آباد۔13اکتوبر (اے پی پی):جنوبی افریقہ کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم آئندہ سال فروری میں پاکستان کا دورہ کرے گی جو پاکستانی ٹیم کے ساتھ تین ٹی 20 اورتین ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلے گی ۔ پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین اور ورلڈ بلائنڈ کرکٹ کونسل کے صدر سید سلطان شاہ نے بدھ کو اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی افریقہ کی درخواست پر ان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیم آئندہ سال فروری میں پاکستان کا دورہ کرے گی۔اپنے دورہ کے دوران وہ پاکستان کے ساتھ تین ٹی 20 اورتین ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کی بلائنڈ کرکٹ ٹیموں کے درمیان میچز کراچی اور فیصل آباد میں کھیلیں جائیں گے، جنوبی افریقہ کی کرکٹ ٹیم کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیریز کے لئے ہم باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم تشکیل دیں گے اور سیریز سے قبل کھلاڑیوں کے ٹرائل لئے جائیں گے اور ٹرائل میں سے باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیم میدان میں اتاریں گے۔سید سلطان شاہ نے کہا کہ بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کے ساتھ بھی دورہ پاکستان کے حوالے سے بات چیت جاری ہے جس نے کہا ہے کہ اگر بھارتی حکومت ہمیں اجازت دیتی ہے تو بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیموں کے درمیان نیوٹرل ایوینیو پر بھی ٹی 20 اور ایک روزہ سیریز پر غور کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم 2011اور 2014میں پاکستان کا دورہ کرچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی بلائنڈ کرکٹ کونسل کے صدر مہانتیش جی کے اور پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے درمیان 2018 ورلڈ کپ کے دوران معاہدہ طے ہوا تھا کہ بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی، اگر بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم دورے میں پہل نہیں کرے گی تو ہم بھی بھارت نہیں جائیں گے اس فیصلے پر اب بھی ہم قائم ہیں۔