خیبرپختونخوا نے سنٹرل پنجاب کو شکست دے کر مسلسل دوسری مرتبہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

لاہور۔13اکتوبر (اے پی پی):خیبرپختونخوا نے سنٹرل پنجاب کو فائنل میچ میں شکست دے کر مسلسل دوسری مرتبہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا، خیبرپختونخوا نے 149 رنز کا ہدف باآسانی 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، خیبرپختونخوا کے کپتان افتخار احمد کو شاندار آل رائونڈ کارکردگی پر فائنل میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ بدھ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے نیشنل ٹی ٹونٹی کے فائنل میچ میں دفاعی چیمپئن خیبرپختونخوا کے کپتان افتخار احمد نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

سنٹرل پنجاب کی ٹیم 20 ویں اوور میں 148 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔ احمد شہزاد اور کامران اکمل نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 84 رنز کی شراکت قائم کی۔ احمد شہزاد 44 اور کامران اکمل 42 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ قاسم اکرم نے 20 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ کوئی بیٹر نمایاں کارکردگی نہ دکھا سکا۔ خیبرپختونخوا کے کپتان افتخار احمد نے 5 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد عمران نے 26 رنز کے عوض 3 اور ارشد اقبال نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

سنٹرل پنجاب کا 149 رنز کا ہدف خیبرپختونخوا نے 17 اوورز میں باآسانی تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کپتان افتخار احمد نے 19 بالوں پر 45 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ کامران غلام 37، صاحبزادہ فرحان 26 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ عادل امین نے 25 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی۔ اس طرح خیبرپختونخوا نے سنٹرل پنجاب کو سات وکٹوں سے شکست دے کر لگاتار دوسری مرتبہ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کا تاج اپنے سر سجا لیا۔ خیبرپختونخوا کے کپتان افتخار احمد کو شاندار آل رائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر فائنل میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔