اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کا لیبیا میں سوڈانی پناہ گزین کے قتل پر افسوس کا اظہار،مجرموں کو سز کا مطالبہ

ہزاروں افغان اقوام متحدہ کی پناہ گزین ایجنسی سے امداد حاصل کررہے ہیں ، اقوام متحدہ

طرابلس ۔14اکتوبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر)نے لیبیا کے دارالحکومت طرابلس میں سوڈانی پناہ گزین کے قتل پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے مجرموں کی گرفتاری اور انھیں سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے،ان کا کہنا تھا کہ وہ پناہ گزین کے قتل پر پریشان ہیں ۔

چینی خبر رساں ادارے نے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کے حوالے سے بتایا کہ انھیں گزشتہ رات طرابلس میں ایک 25 سالہ سوڈانی پناہ گزین کے قتل کے بارے میں جان کر بہت دکھ ہوا ہے،یو این ایچ سی آر نے سوڈانی پناہ گزین کے قتل کی تحقیقات اور مجرموں کو سزا دینے کا مطالبہ کیا ۔

انھوں نے لیبیا کے حکام سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ پناہ گزینوں کے انسانی حقوق اور وقار کا احترام کریں ، ان کی گرفتاریاں بند کریں اور زیر حراست افراد کو رہا کریں۔

رپورٹ کے مطابق متاثرہ شخص کو نقاب پوش مسلح افراد کے ایک گروہ نے گولی مار دی۔ واضح رہے کہ لیبیا کے حکام نے حال ہی میں دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف چھاپے مارے اور گرفتاریاں کیں۔

لیبیا 2011 میں مرحوم رہنما معمر قذافی کے زوال کے بعد سے عدم تحفظ اور افراتفری کا شکار ہے ،یہ شمالی افریقی ملک ان غیر قانونی تارکین وطن کے لیے پسندیدہ مقام بن گیا ہے جو بحیرہ روم کو عبور کر کے یورپی ساحلوں پر جانا چاہتے ہیں۔