اقوام متحدہ کا عالمی آفات کے خطرے میں کمی کے لیے عالمی یکجہتی پر زور ، ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک سے باہمی تعاون کی اپیل

خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کے فروغ کے لیے کوششیں کرنے کی ضرورت ہے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عالمی آفات کے خطرے میں کمی کے لیے عالمی یکجہتی پر زور دیا ہے ۔

اقوام متحدہ کے خبررسا ں ادارے کے مطابق ، انہوں نے آفات کے خطر ات میں کمی کے عالمی دن پر جاری اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ بڑھتی ہوئی غربت ، حیاتیاتی تنوع کا نقصان ، گرتا ہوا ماحولیاتی نظام اس وقت دنیا کے اہم مسائل ہیں اور ان درپیش خطروں میں کمی بین الاقوامی تعاون اور عالمی یکجہتی پر منحصر ہے۔

آب و ہوا کی تبدیلی کے لیے لچک پیدا کرنا اور تباہی کے خطرات اور نقصانات کو کم کرنا زندگی اور معاش کو بچانے ، غربت اور بھوک کو ختم کرنے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹے جزیرے کی ترقی پذیر ریاستوں کے لیے بڑھتے ہوئے سمندروں اور تیز طوفانوں کے درمیان انسانی زندگی زیادہ خطرے میں ہے اور اس کے لئے ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کے باہمی تعاون کی اشد ضرورت ہے۔