وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم سےسعودی سفیر نواف الملکی اور برطانیہ کے ہائی کمشنر کرسچئین ٹرنر کی الگ الگ ملاقات

اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم سے پاکستان میں سعودی عرب سفیر نواف الملکی اور برطانیہ کے ہائی کمشنر کرسچئین ٹرنر نے الگ الگ ملاقات کی۔

وزارت موسمیاتی تبدیلی کے ترجمان کے مطابق سعودی سفیر نے ملک امین اسلم سے وزیر اعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کے بارے میں مشاورت کی۔ وزیر اعظم عمران خان 25 اکتوبر کو سربراہی سمٹ میں شرکت کریں گے۔

اس موقع پر سعودی سفیر نے بتایا کہ سعودی ولی عہد نے وزیراعظم کو ماحولیات کے بارے میں تقریب میں مرکزی خطاب کی دعوت بھی دی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کو 50 ارب درختوں کے منصوبے میں پارٹنر بنائیں۔ دریں اثناملک امین اسلم سے برطانیہ کے ہائی کمشنر کرسچئین ٹرنر نے بھی ملاقات کی ۔

ملاقات میں برطانوی ہائی کمشنر نے بلین ٹری سونامی منصوبہ کو سراہا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے گلاسکو کلائمیٹ سربراہی اجلاس کے بارے میں میتھین عہد ڈاکومنٹ پر بات چیت کی۔ ملاقات میں ٹین بلین ٹری سونامی سمیت انرجی، کلین گرین جیسے منصوبوں میں تعاون پر اتفاق کیا گیا۔ معاون خصوصی ملک امین اسلم نے برطانوی ہائی کمشنر اور سعودی سفیر کو سوینئیر پیش کئے۔