وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کا ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کا دورہ،ڈینگی پر قابو پانے کے ٹھوس اقدامات کی ہدایت

راولپنڈی۔14اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کا دورہ کرکے ڈینگی وارڈ کا معائنہ کیا اور ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی ڈینگی کے مرض سے بچنے کے لیے عوام میں آگاہی مہم چلائی جائے۔

جمعرات کو ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کے دورے کے موقع پر وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کو ڈینگی کے مریضوں سے متعلق بریفنگ دی گئی اور ہولی فیملی ہسپتال کی جانب سے کئے گئے انتظامات سے متعلق آگاہ کیا گیا۔

راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد عمر نے وزیر داخلہ کو ڈینگی مرض سے متعلق بریفنگ دی۔وزیر داخلہ شیخ رشیداحمد نے ہسپتال انتظامیہ کو ڈینگی کے مریضوں کو بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی۔

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اس موقع پر استفسار کیاکہ کورونا جیسے موذی مرض کا مقابلہ کرسکتے ہیں تو ڈینگی پر قابو کیوں نہیں پایا جا سکتا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ ڈینگی مرض پیدا کرنے والے عوامل کو ختم کرنے کی ضرورت ہے، ضلعی انتظامیہ اور صحت کے اداروں سے مل کر لائحہ عمل ترتیب دیا جائے ۔

راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد عمر نے وزیر داخلہ کو بتایاکہ ہولی فیملی اسپتال میں ڈینگی کے 87 مریض داخل ہیں جس میں 7 بچے بھی شامل ہیں ہسپتال میں ڈینگی مرض کے علاج کے لیے تمام تر سہولیات موجود ہیں۔