ہسپتالوں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے بھرپور حکمت عملی جاری رہے گی ، ڈاکٹر فیصل سلطان

اسلام آباد۔14اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ہسپتالوں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے بھرپور حکمت عملی جاری رہے گی کیونکہ صحت کی بہترین طبی سہولیات عوام کا حق ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلاحی مرکز زچہ بچہ خاندانی منصوبہ بندی کے دفتر کا دورہ کے دوران کیا ۔اس ڈاکٹر فیصل سلطان کے ساتھ وفاقی سیکرٹری برائے صحت عامر اشرف خواجہ بھی تھے ۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے درپیش چیلنجز اور مشکلات کے بارے میں استفسار کیا اور رورل ہیلتھ سنٹر میں دی جانے والی تمام طبی سہولیات کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آ باد کیلئے قانون لارہے ہیں جس کے تحت صحت کی سہولیات کو ایک چھتری کے نیچے لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بنیادی مراکز اور رورل ہیلتھ سنٹرز کو اپ گریڈ کیا جارہاہے جبکہ پرائمری ہیلتھ کیئر سسٹم کو مضبوط کیا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پرائمری ہیلتھ سسٹم مضبوط اور مکمل فعال ہوگا تو بڑے ہسپتالوں پر بوجھ کم ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ سہالہ سنٹر میں مزید بہتری کی ضرورت ھے اور مزید سہولیات بھی فراہم کی جا سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ دوردراز کے علاقوں کو گھر کے قریب طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ان فلاحی مراکز میں حفاظتی ٹیکہ جات اور ویکسینیشن کی بہترین سہولیات موجود ہیں ۔