مینز ٹی 20 ورلڈ کپ، آئرلینڈ نے ہالینڈ کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا، کرٹس کیمفر نے چار گیندوں پر چار کھلاڑی آئوٹ کرکے تاریخ رقم کی

ابوظہبی۔18اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2021، آئرلینڈ نے کوالیفائنگ رائونڈ کے تیسرے میچ میں ہالینڈ کو کرٹس کیمفر کی تباہ کن بائولنگ کی بدولت 7 وکٹوں سے ہرا دیا۔ فاتح ٹیم نے 107 رنز کا ہدف 16 ویں اوور میں تین وکٹوں کے نقصان کے حاصل کر لیا۔

آئرش پیسر کرٹس کیمفر نے 4 گیندوں پر 4 کھلاڑی آئوٹ کر کے تاریخ رقم کی، انہیں میچ کا بہترین پلیئر قرار دیا گیا۔ پیر کو زید کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے ابتدائی رائونڈ کے تیسرے میچ میں ہالینڈ کے کپتان پیٹر سیلر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔

کرٹس کیمفر نے 10ویں اوور میں 4 گیندوں پر 4 کھلاڑی آئوٹ کر کے ہالینڈ بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔ اس طرح ڈچ ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنائے۔ کرٹس کیمفر ٹی 20 ورلڈ کپ میں 4 گیندوں پر 4 وکٹیں حاصل کرنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

ہالینڈ کی طرف سے میکس او ڈوڈ 51 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ جواب میں آئرلینڈ نے مطلوبہ ہدف 15.1 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ گیراتھ ڈینلی 44 اور پال سٹرلنگ (ناٹ آئوٹ) 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ کرٹس کیمفر کو مرد میدان قرار دیا گیا۔