کشمیر نے پی اے ایف ٹی۔20 بلائنڈ کرکٹ چیمپین ٹرافی جیت لی

اسلام آباد۔20اکتوبر (اے پی پی):کشمیر نے پی اے ایف ٹی۔20 بلائنڈ کرکٹ چیمپین ٹرافی جیت لی۔ فائنل میں کشمیر نے اسلام آبا دکو 11 رنز سے شکست دی۔ اسلام آباد کی ٹیم نے ٹاس جیت کرفیلڈنگ کوترجیح دی۔ کشمیر کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 220 رنز بنائے۔

نثار علی نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 108 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ جواب میں اسلام آباد کی ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں ناکام رہی اور مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنا سکی۔

ایوب خان نے 18 رنز کی اننگز کھیلی۔ نثارعلی کو شاندار کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی کا اعزاز دیا گیا۔ فائنل کی اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی اسسٹنٹ کمشنر چیف آف آیئر سٹاف (ایڈمن) ایئر کموڈور مطاہر الاسلام نے فاتح کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور انعامات تقسیم کئے۔

ایونٹ کے اختتام پر بی ون کیٹگری میں آزاد جموں و کشمیر کے ادریس ، بی ٹو کیٹگری میں اسلام آباد کے انیس جاوید اور بی تھری کیٹگری میں گوجرانوالہ کے محمد اکرم ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے جبکہ گوجرانوالہ عتیق الرحمن کو ٹورنامنٹ کے بہترین وکٹ کیپر کے طور پر اعزاد دیا گیا۔