اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم کی اقوام متحدہ کے خصوصی ماہر نمائندے احمد شہیدسے ملاقات ، نفرت انگیز تقاریر، مذہبی عدم برداشت اور اسلامو فوبیا پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔21اکتوبر (اے پی پی):اقوام متحدہ میں پاکستان کے مسقل مندوب منیر اکرم نے مذہب کی آزادی بارے اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے احمد شہیدسے ملاقات کی اور ان سے نفرت انگیز تقاریر، مذہبی عدم برداشت اور اسلامو فوبیا سے متعلقہ مسائل بارے تبادلہ خیال کیا ۔

اپنے ایک ٹویٹ میں منیر اکرم نے بتایاہے کہ انہوں نے انسانی حقوق کی کونسل کی اسلامو فوبیا کے بارے میں اس سال کے آغاز پر دی جانے والی اس رپورٹ کا خیر مقدم کیا ہے جس میں احمد شہید نے اس بات کی نشاندہی کی ہے کہ11ستمبر کے دہشتگردانہ حملوں کے بعد اسلام اور مسلمانوں کے خلاف شکوک وشبہات میں بڑی تیزی سے اضافہ ہواہے ۔

منیر اکرم نے اقوام متحدہ کے خصوصی ماہر نمائندے احمد شہیدسےاپنی ملاقات کو سود مند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم دونوں نے اس اہم مسئلہ کو اقوام متحدہ کے ایجنڈے میں ترجیحی طورپر شامل کروانے پر اتفاق کیاہے ۔