ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، سکاٹ لینڈ نے عمان کو شکست دے کر سپر 12 مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا

اومان۔21اکتوبر (اے پی پی):آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے پہلے مرحلے میں سکاٹ لینڈ نے عمان کو8 وکٹوں سے شکست دے کر سپر 12 مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا، عمان کا 123 رنز کا ہدف سکاٹ لینڈ نے 17 اوورز میں حاصل کرلیا، جوش ڈیوی کو بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

جمعرات کو عمان کے الامرات کرکٹ گرائونڈ میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے پہلے مرحلے کے میچ میں عمان نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پوری ٹیم مقررہ اوورز میں122 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔ عاقب الیاس نے37 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان ذیشان مقصود نے 34 اور محمد ندیم نے 25 رنز بنائے۔ سکاٹ لینڈ کے بائولر جوش ڈیوی نے 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔

سکاٹ لینڈ نے 123 رنز کا ہدف باآسانی17 اوورز میں ہی دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ سکاٹ لینڈ کے کپتان کائل کوٹزر41 اور رچی برنگٹن31 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

عمان کے بائولر فیاض بٹ اور خاور علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس طرح سکاٹ لینڈ نے آٹھ وکٹوں سے میچ جیت کر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ جوش ڈیوی کو بہترین بائولنگ کرنے پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے گروپ بی میں شامل سکاٹ لینڈ نے اپنے تینوں میچوں میں کامیابی حاصل کی۔ اس سے گروپ اے سے سری لنکا جبکہ گروپ بی سے بنگلہ دیش نے بھی اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا۔