خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کے فروغ کے لیے کوششیں کرنے کی ضرورت ہے، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ

اقوام متحدہ ۔22اکتوبر (اے پی پی):اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے کہا ہے کہ ہمیں خواتین اور لڑکیوں کے حقوق کے فروغ کے لیے کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کہا کہ خواتین اپنے حقوق سے انکار کو کبھی قبول نہیں کریں گی اور انہیں کرنا بھی نہیں چاہیے چاہے وہ جنگ سے متاثرہ ممالک میں ہوں یا کسی اور ملک میں ہوں۔

سیکرٹری جنرل نے کہا کہ ہمیں ہر خاتون اور لڑکی کے حقوق کے فروغ کے لیے کوششیں کرنے کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں ہم اس وقت کوششیں کریں گے جب تک لڑکیاں واپس سکول نہیں جاتیں اور خواتین ملازمتوں پر واپس اور عام زندگی میں ان کی مساوی شمولیت نہیں ہوتی۔