امریکی وزیر خارجہ کا کولمبیا میں امریکی سفارت خانے کا دورہ، ہوانا سنڈروم سے متاثرہ عملے کی صحت کے تحفظ کے لیے کام کرنے کی یقین دہانی

بگوٹا۔22اکتوبر (اے پی پی):امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نےکولمبیا میں امریکی سفارت خانے کے دورہ کے دوران ہوانا سنڈروم سے متاثرہ اہلکاروں سے ملاقات کی اور ان کی صحت کے تحفظ کے لیے کام کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق وزارت خارجہ کے عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ انٹونی بلنکن نے بگوٹا میں سفارت خانے کے دورے کے دوران ہوانا سنڈروم سے متاثرہ عملے کے ساتھ ملاقات کی اور کہا کہ عملے کے مسائل اور ان کی دیکھ بھال ان کی اولین ترجیح ہے ۔

یاد رہے کہ 2016 میں کیوبا میں امریکی سفارت خانے کے عملے میں ہوانا سنڈروم کے کیسز سامنے آئے جس کے بعد چین، جرمنی، آسٹریلیا، تائیوان اور امریکی دارالحکومت کے بعد اب کولمبیا میں بھی اس بیماری کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں ۔