پاکستان ، مراکش کی دو طرفہ مشترکہ مشق 2021 نیشنل کائونٹر ٹیررازم سینٹر پبی میں اختتام پذیرہوگئی

راولپنڈی۔23اکتوبر (اے پی پی):پاکستان مراکش دوطرفہ مشترکہ مشق 2021 ہفتہ کو اختتام پذیر ہوگئی جس میں دونوں ممالک کی خصوصی افواج نے حصہ لیا ، اختتامی تقریب نیشنل کائونٹر ٹیررازم سینٹر (این سی ٹی سی) پبی میں منعقد ہوئی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق مشق کے دوران مراکش اور پاکستان کی اسپیشل فورسز نے دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں شامل مختلف مہارتوں کی مشق کی جس میں کورڈن اینڈ سرچ ، کمپاونڈ کلیئرنس ، اپنے سامنے جھڑپ ، فاسٹ روپنگ ، ریپلنگ اور حربی مہارتیں شامل ہیں۔

پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ یہ دونوں ممالک کے درمیان پہلی مشترکہ مشق ہے۔ اس تربیتی مشق کا مقصد انسداد دہشت گردی کے شعبے میں باہمی تجربے کا تبادلہ، بہترین مہارتوں کی مشق کرنا اور اختیار کرنا اور دونوں ملکوں کی افوج کے درمیان تعاون کو بڑھانا ہے۔