پاکستانی اسکواش کھلاڑی نور زمان ڈھاکہ مردوں کے بنگابندھو بین الاقوامی اسکواش ٹورنامنٹ 2021 کے فائنل میں پہنچ گئے

ڈھاکہ۔23اکتوبر (اے پی پی):پاکستانی اسکواش کھلاڑی نور زمان نے بنگلہ دیش میں منعقد ہونے والے مردوں کے بنگابندھو بین الاقوامی اسکواش ٹورنامنٹ 2021 کے فائنل میں جگہ بنا لی ۔

ہفتہ کو گلشن کلب ڈھاکہ میں کھیلے گئے چمپئن شپ کےسیمی فائنل میں نور زمان نے بھارت کے نا و انیتھ پربھو کو شکست دی۔پاکستان کے نور زمان،محمد فرحان ہاشمی،حمزہ شریف محمد اشب عرفان،سلمان سلیم اورعلی الدین سمیت 6 کھلاڑیوں نے ٹورنامنٹ میں حصہ لیا۔ڈھاکہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر عمران احمد صدیقی نے پاکستانی سکواش کھلاڑیوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے نور زمان کو ان کی شاندار فتح اور بین الاقوامی اسکواش ٹورنامنٹ کے فائنل تک رسائی پر مبارکباد دی۔

انہوں نے چیمپئن شپ میں دیگر پاکستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی کی بھی تعریف کی۔ہائی کمشنر نے کہا کہ کھیلوں کی سرگرمیاں ریاستوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں ۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستانی سکواش ٹیم کے بنگلہ دیش کے دورے سے پیدا ہونے والے مثبت جذبات عوامی سطحوں کے رابطوں کو مضبوط بنانے اور دونوں برادر ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید بہتر بنانے میں مدد کریں گے۔ہائی کمشنر نے نور زمان کو فائنل میچ میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔فائنل میچ آج اتوارکو دوپہر 1 بجے کھیلا جائے گا۔
؎