وزیر مملکت فرخ حبیب نے روضہ رسولؐ پر وزیر اعظم عمران خان کی حاضری کی تصویر شیئر کی

اسلام آباد۔23اکتوبر (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم پر وزیر اعظم عمران خان کی حاضری کی تصویر شیئر کی ہے جس میں وزیراعظم عمران خان کو نوافل کی ادائیگی کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے-

ٹویٹر پر ان لمحات کو انتہائی خوبصورت انداز میں بیان کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا ‏یہ بڑے کرم کے ہیں فیصلے ،یہ بڑے نصیب کی بات ہے – واضح رہے وزیر اعظم عمران خان سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب کے تین روزہ دورہ پر مدینہ منورہ پہنچے ہیں،

دورہ کے دوران وزیر اعظم عمران خان مشرق وسطیٰ گرین انیشی ایٹیو سربراہ اجلاس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے جہاں وہ ماحولیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے ترقی پذیر ممالک کو درپیش مسائل پر نقطہ نظر پیش کریں گے۔وزیراعظم ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے فطری حل سے متعلق پاکستان کے تجربات کو بھی اجاگر کریں گے۔