بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں کالعدم تنظیم بی ایل اے کے کمانڈر سمیت 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے

راولپنڈی۔23اکتوبر (اے پی پی):بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں کالعدم تنظیم بی ایل اے کے کمانڈر سمیت 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

ہفتہ کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق بلوچستان کے علاقےجمبورو ہرنائی کے قریب ایک خفیہ مقام پر دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکورٹی فورسز نے بلوچستان میں بیرونی سرپرستی میں امن کے خلاف کام کرنے والے دہشت گردوں کے ایک گروہ کو پکڑنے کے لیے علاقے میں آپریشن کیا۔جیسے ہی فوجیوں نے علاقے کو گھیرے میں لیا،دہشت گردوں نے ٹھکانے سےفرارکی کوشش کی اور اندھا دھند فائرنگ کی۔

دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ دیر تک جاری رہا۔ اس کے نتیجے میں ، بی ایل اے کمانڈر طارق عرف ناصر سمیت 6 دہشت گرد مارے گئے۔ٹھکانے سے اسلحہ اور گولہ بارود کا بڑا ذخیرہ برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردانہ کارروائیوں کے مرتکب افراد کے خاتمے کے لیے اس طرح کی کارروائیاں جاری رہیں گی اور انہیں بلوچستان کے لوگوں کی خوشحالی اور سماجی و معاشی ترقی کے لیے دستیاب مواقع کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔