امریکی صدر کی جمہوریت پر9 دسمبر کو ہونے والےورچوئل اجلاس میں پاکستان، بھارت اور عراق سمیت 110ممالک کو شرکت کی دعوت

واشنگٹن۔24نومبر (اے پی پی):امریکی صدر جو بائیڈن نے جمہوریت پر9 دسمبر کو ہونے والے2روزہ ورچوئل اجلاس میں پاکستان، بھارت اور عراق سمیت تقریباً 110ممالک کو شرکت کی دعوت دی ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر ان ممالک کی فہرست جاری کی گئی جنہیں ورچوئل اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

ان ممالک میں اسرائیل، عراق، برازیل اور تائیوان بھی شامل ہیں جبکہ اس کانفرنس میں متوقع طور پر چین اور روس کو مدعو نہیں کیا گیااور نہ ہی امریکا کے روایتی عرب اتحادی ممالک، مصر، سعودی عرب، اردن ، قطر اور متحدہ عرب امارات کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

یورپی یونین کے ساتھ قانون کی حکمرانی کے عدم احترام پر تنازعہ کے باعث یورپی ممالک کی نما ئندگی پولینڈ کرے گا جبکہ افریقی ممالک، کانگو، کینیا جنوبی افریقہ ، نائیجیریا اور نائجر کو مدعو کیا گیاہے۔