جونیئر ہاکی ورلڈکپ میں جمعہ کو مزید پانچ میچ کھیلے جائیں گے

جونیئر ہاکی ورلڈکپ میں جمعہ کو مزید پانچ میچ کھیلے جائیں گے

بھوبنیشور۔25نومبر (اے پی پی):جونیئر ہاکی ورلڈ کپ میں (کل) جمعہ کو مزید پانچ میچ کھیلے جائیں گے۔ ایف آئی ایچ کے زیر اہتمام 12 ویں جونیئر ہاکی ورلڈ کپ کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ بھارت کے شہر بھوبنیشور میں جاری ہے ۔

ایونٹ میں جمعہ کو پہلا میچ گروپ اے کی ٹیموں جنوبی افریقا اور چلی کے درمیان کھیلا جائے گا۔دوسرا میچ گروپ اے کی ہی ٹیموں ملائیشیا اور بیلجیم کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا۔

تیسرے میچ میں گروپ سی کی ٹیمیں جنوبی کوریا اور امریکا آمنے سامنے ہوں گی، چوتھا میچ اسی گروپ کی ٹیموں سپین اور ہالینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا جبکہ پانچواں میچ گروپ ڈی کی ٹیموں ارجنٹائن اور جرمنی کے درمیان کھیلا جائے گا۔

واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں16 ٹیمیں حصہ لے رہیں ہیں جن میں بھارت، پاکستان، بیلجیم، چلی، ملائیشیا، جنوبی افریقہ، کینیڈا، فرانس، پولینڈ، جنوبی کوریا، ہالینڈ، سپین، امریکا، ارجنٹائن، مصر اور جرمنی شامل ہے۔

ہر ٹیم تین گروپ میچ کھیلے گی اور ٹاپ آٹھ ٹیمیں کوارٹر فائنل مرحلے کے لئے کوالیفائی کریں گی۔ ٹورنامنٹ کا فائنل 5 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔