پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ کل سے شروع ہو گا

پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ کل(جمعہ) سے شروع ہو گا

اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ (کل) جمعہ سے ظہور احمد چوہدری سٹیڈیم، چٹاگانگ میں شروع ہو گا۔

پاکستانی ٹیم مایہ ناز بلے باز بابر اعظم کی قیادت میں میدان میں اترے گی جبکہ دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں اظہر علی، فواد عالم، محمد رضوان، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی شامل ہیں۔ بنگلہ دیشی ٹیم مومن الحق کی زیر قیادت میدان میں اترے گی۔

قومی ٹیم اس سے قبل بنگلہ دیش کو تین ٹی 20 میچوں کی سیریز میں بنگلہ دیش کو وائٹ واش کر چکی ہے۔بنگلہ دیش ٹیم کے لئے بری خبر یہ ہے کہ مایہ ناز آل رائونڈر شکیب الحسن فٹنس مسائل کے باعث پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لئے اپنی ٹیم کو دستیاب نہیں ہوں گے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 4 سے 8 دسمبر تک ڈھاکہ میں کھیلا جائے گا۔