پڑوسی دشمن پاکستان میں تخریب کاری کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا، پولیس پر امن و امان کے قیام کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا نیشنل پولیس اکیڈمی میں اے ایس پیز کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب

پڑوسی دشمن پاکستان میں تخریب کاری کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا، پولیس پر امن و امان کے قیام کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا نیشنل پولیس اکیڈمی میں اے ایس پیز کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب

اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پڑوسی دشمن پاکستان میں تخریب کاری کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا، پولیس پر امن و امان کے قیام کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے، معاشرہ انحطاط کا شکار ہے چنانچہ جرائم پیشہ گروہوں کے زیادہ منظم ہونے کی وجہ سے پولیس کی ذمہ داریاں اور بھی بڑھ گئی ہیں، قوم توقع کرتی ہے کہ پولیس عوام کی خدمت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔

جمعرات کو یہاں نیشنل پولیس اکیڈمی میں اے ایس پیز کی پاسنگ آئوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پولیس محنت، جانفشانی اور ہمت سے اپنی ذمہ داریاں نبھا رہی ہے، بدقسمتی سے ہم نے پولیس کو وہ مقام نہیں دیا جس کی وہ حقدار ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں میڈیا بہت طاقتور ہے، ہر آدمی کی جیب میں دو دو کیمرے ہیں، پولیس اگر ذمہ داری سے اپنا کام کرتی ہے تو اسے سراہا جانا چاہیے لیکن عام مشاہدہ یہ ہے کہ اگر کسی بڑے آدمی کی گاڑی کو روک کر پولیس اہلکار اس کا چالان کرنا چاہے تو اس سے جھگڑا کیا جاتا ہے اور الٹا پولیس کو بدنام کرنے کے لیے ویڈیو وائرل کی جاتی ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس افسر اور جوان دن رات عوام کی خدمت کر رہے ہیں، پولیس نے 7 ہزار جانوں کی قربانی دی ہے، آج کے حالات میں پولیس کا کام اور بھی مشکل ہو گیا ہے، 78 کالعدم تنظیمیں اور ان کے سلیپر سیلز ہیں، ہم اپنے جغرافیائی محل وقوع اور پڑوس کے حالات سے بھی متاثر ہوتے ہیں اور ہمارا ظاہری اور چھپا دشمن پاکستان میں تخریب کاری کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا، نفسا نفسی کا عالم ہے، میڈیا طاقتور ہے، ایسے میں پولیس کی ذمہ داریاں اور بھی بڑھ جاتی ہیں۔

وزیر داخلہ نے پولیس کو ہدایت کی کہ وہ عوام کے ساتھ بہتر رروابط استوار کریں، اس طرح امن و امان کی صورتحال بھی بہتر ہوگی اور پولیس کی عزت بھی بڑھے گی۔ شیخ رشید احمد نے پولیس کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پولیس کی تنخواہ اور مراعات بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ معاشرہ اس نہج پر پہنچ گیا ہے کہ عوام ہر مسئلہ کا حل پولیس سے چاہتے ہیں، ایسے میں پولیس کے لیے چیلنجز زیادہ کٹھن اور مشکل ہیں، جرائم کو ضرورت سے زیادہ پبلسٹی مل رہی ہے، جرائم پیشہ گروہ زیادہ منظم اور متحرک ہیں۔

انہوں نے اس ساری صورتحال میں اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے والے پولیس افسروں اور جوانوں کی خدمات کو سراہا۔ وزیر داخلہ نے 47 ویں ایس ٹی پی کی پاسنگ آئوٹ پریڈ میں شریک اے ایس پیز کو مبارکباد دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے اور امن و امان کے قیام، اسلام اور عوام کی خدمت کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔