وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سےامریکی ڈیمو کریٹ رہنما طاہر جاوید کی ملاقات، پاکستان اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات ،معاشی سفارت کاری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال،

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی بیلجیئم کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ صوفی ولمزکی دعوت پر آج برسلز کا دورہ کر یں گے

اسلام آباد۔25نومبر (اے پی پی):وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سےامریکی ڈیمو کریٹ رہنما طاہر جاوید نے جمعرات کو وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی۔ پاک امریکہ بزنس فورم کے چیئرمین حفیظ خان بھی ان کے ہمراہ تھے۔ملاقات کے دوران پاکستان اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات ،معاشی سفارت کاری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان، امریکہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ،ہماری حکومت، معاشی ترجیحات پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہے ۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، بیرونی سرمایہ کاروں کو، پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے، ای ویزہ سمیت کئی اہم سہولیات فراہم کر رہا ہے ۔امریکی کمپنیاں ان مراعات سے استفادہ کرتے ہوئے پاکستان کے مختلف شعبہ جات میں سرمایہ کاری کر کے بہترین منافع کما سکتی ہیں ۔

ملاقات میں امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے حوالے سے بھی خصوصی گفتگو کی گئی۔وزیر خارجہ نے امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کیلئے ڈیموکریٹک رہنما طاہر جاوید کی خدمات کو سراہا۔طاہر جاوید نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے،انہیں، پاکستان اور امریکہ کے مابین اقتصادی تعاون کے فروغ کے لئے اپنی بھرپور کاوشیں بروئے کار لانے کا یقین دیا۔