وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری پاکستانی مسافروں کو براہ راست سعودی عرب میں داخلے کی اجازت ملنے پر سعودی حکومت کے شکر گزار

وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری پاکستانی مسافروں کو براہ راست سعودی عرب میں داخلے کی اجازت ملنے پر سعودی حکومت کے شکر گزار

اسلام آباد۔26نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے سعودی حکومت کی جانب سے پاکستانی مسافروں کو براہ راست سعودی عرب میں داخلے کی اجازت ملنے پر خادم الحرمین شریفین سمیت سعودی حکومت کاشکریہ اداکرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب جانے والے تمام پاکستانیوں کو سعودی حکام کےوضع کردہ کوروناایس او پیز کی پابندی لازمی کرنا ہو گی۔

وزارت مذہبی امور کی طرف سے جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستانی مسافروں کو سعودی عرب میں داخلے کے بعد 5 دن قرنطینہ کرناہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی زائرین کے لئے عمرہ بحالی کی راہ بھی ہموار ہو گئی ہے۔ اس سلسلہ میں ان کی سعودی حکومت سے بات چیت جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سمیت انڈونیشیا ، برازیل ، ویتنام ، مصر اور بھارت سے بھی پابندی ختم کی جائے گی۔ یکم دسمبر سے پابندی پر خاتمہ کے فیصلے کا اطلاق ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ سائنو فارم اور سائنو ویک ویکسین کے حامل افراد کو منظور شدہ ویکسین کی بوسٹر شارٹ لگوانا ہوگی۔ اس کے علاوہ سعودی حکام کی وضع کردہ دیگر کوروناایس او پیز کی پابندی لازمی ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ پابندی کے خاتمہ پر خادم الحرمین و شریفین کے شکر گزار ہیں ، اس کے علاوہ سعودی وزیرحج اور پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف سعید المالک کا بھی بطور خاص شکریہ ادا کرتےہیں ۔انہوں نے کہاکہ عمرہ زائرین کے لئے 5 دن ادارتی قرنطینہ کی پابندی ختم کرانے کی بھی کوشش کریں گے۔