وزیراعظم عمران خان کا وزیر خزانہ شوکت ترین سے ٹیلیفون پر رابطہ ، خیریت دریافت کی ، وزیراعظم کی 5.37فیصد جی ڈی پی نمو پر وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کو مبارکباد

اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان نے وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کو تین سالوں میں 5.37فیصد کی مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی )حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے ملک میں روزگار کے خاطر خواہ مواقع پیدا ہوئے اور فی کس آمدنی میں اضافہ ہوا ۔

وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ہفتہ کو وزیر خزانہ شوکت ترین سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور ان کی خیریت دریافت کی۔ بات چیت کے دوران،

وزیر اعظم نے وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم کو تین سالوں میں 5.37 فیصد کی مجموعی ملکی پیداوار(جی ڈی پی) حاصل کرنے پر مبارکباد دی، جس سے روزگار کے خاطر خواہ مواقع پیدا ہوئے اور فی کس آمدنی میں اضافہ ہوا۔مزید برآں وزیر اعظم نے کہا کہ بلومبرگ اور دی اکانومسٹ جیسی بین الاقوامی معاشی تنظیموں نے پاکستان کی کووڈ کے دوران ملازمتوں اور زندگیوں کو بچانے کے لیے کی گئی کامیاب معاشی اصلاحات اور اقدامات کو تسلیم کیا ہے۔

وزیر اعظم نے وزیر خزانہ کو ہدایت کی کہ وہ متوسط اور معاشی طور پر کمزور طبقے کی معاشی بہتری کے لیے اقدامات شروع کریں جو درآمدی مہنگائی سے سب سے ذیادہ متاثر ہو رہے۔

وزیر اعظم اور وزیر خزانہ مسلسل جاری عالمی سطح پر اجناس کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے پر تبادلہ خیال کرتے رہے ہیں جس نے پاکستان میں مہنگائی اور تجارتی خسارے کو بری طرح متاثر کیا ہے۔

وزیر خزانہ نے وزیر اعظم کو آگاہ کیا کہ مقامی اشیائے خوردونوش کی قیمتیں دسمبر سے کم ہو رہی ہیں جیسا کہ صارفین کے لئے قیمتوں کے حساس اعشاریہ ایس پی آئی سے ظاہر ہوتا ہے۔ تاہم وہ پرامید ہیں کہ جیسے ہی بین الاقوامی سطح پر قیمتیں کم ہوں گی درآمدی اشیا پر دبا بھی کم ہو جائے گا۔ وزیرِ اعظم نے مجموعی طور پر ٹیکس وصولی، برآمدات اور ترسیلات زر پر اطمینان کا اظہار کیا۔