حکومت نے اپنے تین سالہ دور میں ملک کی اقتصادی ترقی کی شرح کے حوالے سے غیر معمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں، وفاق وزیر توانائی حماد اظہر کی نجی ٹی وی سے گفتگو

اسلام آباد۔22جنوری (اے پی پی):وفاق وزیر توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ حکومت نے اپنے تین سالہ دور میں ملک کی اقتصادی ترقی کی شرح کے حوالے سے غیر معمولی کامیابیاں حاصل کی ہیں، ترسیلات زر، برآمدات اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے سمیت سٹاک ایکسچینج اور زراعت کے شعبے میں واضح بہتری موجودہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔

ہفتہ کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کو کورونا وائرس کی وجہ سے معاشی بحران کا سامنا ہے اور کوویڈ 19 وبائی امراض کی وجہ سے مہنگائی ایک بین الاقوامی مسئلہ بن گئی ہے تاہم موجودہ حکومت مہنگائی پر قابو پانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔

حماد اظہر نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور حکومت کے دوران قومی کمپنیاں ریکارڈ سرمایہ کما رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت گزشتہ تین سالوں سے گھریلو اور صنعتی شعبوں کو بلاتعطل گیس فراہم کر رہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ایک جمہوری جماعت ہے، پارٹی ہر رکن کو قیادت کے سامنے آزادانہ طور پر اپنی رائے کا اظہار کرنے کا حق حاصل ہے لیکن دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ نواز (پی ایم ایل این) ) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میں کوئی جمہوری اصول نہیں ہیں۔