عمران نیازی اور ان کی جماعت مسیحی برادری کے مذہبی جذبات کا احترام کریں، نالائق، نااہل، فاشسٹ، کرپٹ اور چوروں کو عوام جلسے کے لئے جگہ نہیں دینا چاہتے تو اس میں حکومت کہاں سے آ گئی؟ مریم اورنگزیب

یوم تکبیر کا عنوان ''نہ جھکے تھے، نہ جھکیں گے'' جاری ، وزیراعظم نے دس روزہ قومی تقریبات منانے کا فیصلہ کیا ہے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران خان اور ان کی جماعت مسیحی برادری کے مذہبی جذبات کا احترام کریں، نالائق، نااہل، فاشسٹ، کرپٹ اور چوروں کو عوام جلسے کیلئے جگہ نہیں دینا چاہتے تو اس میں حکومت کہاں سے آگئی؟ اگر عوام انہیں جلسے کے لئے نجی ملکیتی جگہ دینے کو تیار نہیں تو اس میں وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کیا قصور ہے؟ عمران نیازی چاہتے ہیں کہ رانا ثنا اللہ زور زبردستی نجی ملکیت پر جلسے کا بندوبست کرائیں،

عوام عمران خان کے غلام نہیں، حکومت قانون کے تحت وہ جگہ عمران نیازی کو جلسے کے لئے نہیں دے سکتی جو نجی ملکیت ہے۔ ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مسیحی برادری اپنی جگہ جلسے کے لئے دینے کو تیار نہیں کیونکہ یہ جگہ عبادت کے لئے مختص ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان مسیحی برادری کا احترام کریں، غنڈہ گردی نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ مسیحی کمیونٹی سراپا احتجاج ہے، حکومت ان کے احتجاج کو نظر انداز نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی مذہبی منافرت پھیلا کر اسی جگہ کیوں جلسہ کرنے پر بضد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کو گورنمنٹ مرے کالج گراونڈ اور اسپورٹس جمنازیم پسرور پر جلسہ کرنے کی تجویز کیوں قبول نہیں؟ اس کا صاف مطلب ہے کہ عمران نیازی صرف ڈرامہ کرنا چاہتے ہیں، ان کا مقصد صرف تماشا لگانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم اور غیر مسلم مذہبی قائدین عمران نیازی کو سمجھائیں کہ مسیحی برادری کے جذبات کا احترام کریں