ریاست مدینہ کا نام لے کر اپنی سیاسی دکان چمکانے والا عمران نیازی ملک میں مذہبی انتشار پھیلا رہا ہے، گرجا گھر کوجلسہ گاہ بنانے کی کوشش کرکےمسیحی برادری کے مذہبی جذبات کواکسایا، رانا ثناءاللہ

اسلام آباد۔14مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ کا نام لے کر اپنی سیاسی دکان چمکانے والا عمران نیازی ملک میں مذہبی انتشار پھیلا رہا ہے، گرجا گھر کوجلسہ گاہ بنانے کی کوشش کرکےمسیحی برادری کے مذہبی جذبات کواکسایا، عمران نیازی ریاست پاکستان کے لئے خطرہ بن چکا ، اس کے شر سے کوئی محفوظ نہیں، کسی بھی جماعت کو دھونس اور زبردستی سے ملک میں ملوکیت نافذ کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو سیالکوٹ میں پی ٹی آئی کاگرجا گھر کی جگہ جلسہ کے حوالہ سے جاری بیان میں کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ خونی مارچ والوں نے سیالکوٹ میں گرجا گھر پر حملہ کیا گیا، عمران نیازی پہلے توہین مسجد نبوی کا مرتکب ہوا اور آج اس نےگرجا گھر کوجلسہ گاہ بنانے کی کوشش کرکےمسیحی برادری کے مذہبی جذبات کواکسایاہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کا نام لے کر اپنی سیاسی دکان چمکانے والا عمران نیازی ملک میں مذہبی انتشار پھیلا رہا ہے،

عمران نیازی ریاست پاکستان کے لئے خطرہ بن چکا ہے، اس کے شر سے نہ کوئی ادارہ محفوظ ہے اور نہ کوئی مسجد اورکوئی گرجا گھر۔ انہوں نے کہا کہ گرجا گھر کی جگہ جلسہ کرکے فسطائی ذہنیت کا بنی گالا میں بیٹھا ہوا ایک شخص مسیحی برادری پر اپنی حاکمیت جتانا چاہتا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران نیازی اپنی اس مذموم حرکت سے مذہبی اقلیتوں کا کیا پیغام دینا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست ہر صورت اپنی اقلیتوں کا تحفظ کرے گی اور ان کے مذہبی مقامات کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں ہونے دے گی،

چرچ کی جگہ کو سیاسی جماعت کے جلسہ گاہ کی اجازت نہ دینے کے مسیحی برادری کے فیصلے کو ریاستی تحفظ دینا قانونی اداروں کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست پاکستان کسی بھی جماعت کو دھونس اور زبردستی سے ملک میں ملوکیت نافذ کرنے کی ہر گز اجازت نہیں دے سکتی۔انہوں نے کہا کہ وہ عمران نیازی کو خبردار کرتے ہیں کہ ملک کے کسی بھی حصے میں نقص امن پیدا کرنے کی صورت میں قانون اپنا راستہ خود بنائے گا۔