نوویک جوکووچ 13 ویں مرتبہ ومبلڈن اوپن ٹینس مینز سنگلز کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

نوویک جوکووچ نے فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا، رافیل نڈال کا سب سے زیادہ گرینڈسلام ٹائٹل جیتنے کا ریکار ڈ بھی توڑ دیا

لندن۔4جولائی (اے پی پی):سربیا کے شہرت یافتہ ٹینس سٹار، ٹاپ سیڈڈ اور دفاعی چیمپئن نوویک جوکووچ کا ساتویں بار ومبلڈن اوپن ٹینس کا تعاقب جاری،35 سالہ دفاعی چیمپئن سرب سٹار اور اطالوی ٹینس کھلاڑی جنیک سنر اپنی پیش قدمی کو برقراررکھتے ہوئے ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے جبکہ ففتھ سیڈڈ ہسپانوی ٹینس کھلاڑی کارلوس الکاراز پری کوارٹر فائنل میں ہار کر میگا ایونٹ سے باہر ہوگئے ۔ 35 سالہ سربین سٹار نے میگا ایونٹ کے مینز سنگلز مقابلوں کے پری کوارٹر فائنل میچ میں ڈچ وائلڈ کارڈ ٹم وین رجتھوون کو شکست دی۔

سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس کے دلچسپ اور کانٹے دار مقابلوں کا سلسلہ انگلینڈ کے دارالحکومت لندن میں جاری ہے ۔ 20 گرینڈ سلام ٹائٹل جیتنے والے نوویک جوکووچ نے مینز سنگلز مقابلوں کے پری کوارٹر فائنل میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ڈچ وائلڈ کارڈ ٹم وین رجتھوون کو 2-6، 6-4، 1-6 اور 2-6 سے شکست دی اور میگا ایونٹ مینز سنگلز کوارٹر فائنل رائونڈ کیلئے کوالیفائی کیا۔

سربین سٹار نوویک جوکووچ مجموعی طور پر 21 ویں گرینڈ سلام کے لئے کوشاں ہیں ۔جوکووچ 13 ویں مرتبہ ومبلڈن اوپن ٹینس کا کوارٹر فائنل رائونڈ کھیلیں گے جس میں ان کا مقابلہ اطالوی حریف کھلاڑی جنیک سنر سے ہوگا۔

ایک اور میچ میں اطالوی ٹینس کھلاڑی جنیک سنر نے بھی میگا ایونٹ کے کوارٹر فائنل رائونڈ تک رسائی حاصل کرلی ہے۔ انہوں نے سپین کے حریف کھلاڑی کارلوس الکاراز کو سخت مقابلے کے بعد 1-6، 4-6، 7-6(10-8) اور 3-6 سے شکست دی۔