14.9 C
Islamabad
جمعرات, فروری 27, 2025
ہومقومی خبریںلیبیا کے کشتی حادثے میں جاں بحق 6 پاکستانیوں کی میتیں وطن...

لیبیا کے کشتی حادثے میں جاں بحق 6 پاکستانیوں کی میتیں وطن پہنچ گئیں

- Advertisement -

اسلام آباد۔27فروری (اے پی پی):لیبیا کے کشتی حادثے میں جاں بحق6پاکستانیوں کی میتیں وطن پہنچ گئیں، وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر میتیں وصول کیں۔وزارت ہائوسنگ اینڈ ورکس کے ترجمان کے مطابق اس موقع پر وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس نے کہا کہ5 فروری کو پیش آنے والے سانحے نے ملک کے کئی خاندانوں کو سوگ میں مبتلا کر دیا ہے، وہ لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت ہر ممکن سطح پر متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے، ہم نے متوفین کے جسد خاکی ان کے عزیزوں تک پہنچانے کے لئے تمام ضروری انتظامات کئے ہیں ۔

ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ باقی جاں بحق افراد کی میتیں جلد وطن واپس لائیں گے، لیبیا میں زندہ بچ جانے والے 37 پاکستانیوں کی واپسی کے لئے بھی کوششیں جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ ہمیں یہ سبق دیتا ہے کہ غیر قانونی ذرائع سے یورپ جانے کی کوشش کتنی خطرناک ہو سکتی ہے۔وزیر ہائوسنگ نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ایسے خطرناک راستے اختیار نہ کریں اور قانونی ذرائع کے ذریعے ہی بیرون ملک جانے کی کوشش کریں۔

- Advertisement -

ریاض حسین پیرزادہ نے متوفین کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار بھی کیا۔ہوائی اڈے پر مرحومین کے اہلخانہ کی سہولت کےلئے ڈیسک قائم کردیا گیا ہے جبکہ جاں بحق افراد کی میتوں کو پشاور لے جانے کےلئے ایمبولینسوں کا بندوبست بھی کیا گیا ہے۔وطن واپس لائی جانے والی 6 میتوں میں مصورحسین ولدشیر مہدی ضلع کرم ، شعیب علی ولد محمد علی ضلع کرم،محمد علی شاہ ولدعبداللہ شاہ اورکزئی، عابد حسین ولد محمد حسن،موصاب حسین ولد جمیل حسین اور شعیب حسین ولد نور علی ضلع کرم شامل ہیں۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=566939

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں