اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں پوڈ کاسٹ سٹوڈیو کا افتتاح

اسلام آباد۔21نومبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے اپنے آفیشل پوڈ کاسٹ سٹوڈیو کے باضابطہ افتتاح کے ساتھ اپنی پوڈ کاسٹ سیریز کا آغاز کر دیا ہے جس کا مقصد نوجوانوں اور کاروباری برادری کو بہترین معلومات کی فراہمی کے ذریعے بااختیار بنانا ہے۔جمعہ کے روز اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق افتتاحی پوڈ کاسٹ میں …

اسلام آباد۔21نومبر (اے پی پی):اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے اپنے آفیشل پوڈ کاسٹ سٹوڈیو کے باضابطہ افتتاح کے ساتھ اپنی پوڈ کاسٹ سیریز کا آغاز کر دیا ہے جس کا مقصد نوجوانوں اور کاروباری برادری کو بہترین معلومات کی فراہمی کے ذریعے بااختیار بنانا ہے۔جمعہ کے روز اسلام آباد چیمبر آف کامرس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق افتتاحی پوڈ کاسٹ میں آئی سی سی آئی کے صدر سردار طاہر محمود نے ایک جدید اور موثر پلیٹ فارم کے طور پر اس اقدام کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

سردار طاہر محمود نے کہا کہ پوڈ کاسٹ سیریز، انٹرپرینیورز بالخصوص نوجوان کاروباریوں کو حقیقی دنیا کے تجربات اور کاروباری رہنمائوں کی کامیابیوں بارے مکمل معلومات کے ساتھ ایک قیمتی اثاثے کے طور پر کام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تیزی سے ترقی پذیر معاشی ماحول میں نوجوانوں کے لیے مستند رہنمائی اور صحیح سمت کی فراہمی وقت کی ضرورت ہے اور اس پوڈ کاسٹ کا مقصد اس ضرورت کو موثر طریقے سے پورا کرنا ہے۔

آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ اس سیریز میں ممتاز سینئر تاجروں، صنعتی رہنمائوں اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات شامل ہوں گی، جو اپنے اپنے کاروباری سفر، چیلنجز اور ان اہم نتائج کا اشتراک کریں گی جنہوں نے ان کی کامیابی کو تشکیل دینے میں اہم کردار ادا کیا ۔ پاکستان کے "معاشی ہیروز” کو متعارف کرانے کے تصور پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوڈ کاسٹ ایسے کامیاب افراد کی سامنے لائے گا جنہوں نے جدت اور قیادت کے ذریعے قومی معیشت میں نمایاں حصہ ڈالا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام ترقی پسند رحجان کو فروغ دینے اور کاروباری شعبے میں پیشہ ورانہ ترقی میں معاونت کے لیے آئی سی سی آئی کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ مکمل پوڈ کاسٹ سیریز جلد ہی جاری کی جائے گی جو تمام بڑے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر دستیاب ہو گی جس سے نوجوانوں، کاروباری افراد اور طلباء سمیت وسیع تر سٹیک ہولڈرز معروف کاروباری شخصیات کی رہنمائی سے مستفید ہو سکیں گے۔یاد رہے کاروباری برادری نے پوڈ کاسٹ اسٹوڈیو کو ملک میں جدید مواصلات، بہتر رسائی اور باخبر اقتصادی مکالمے کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔