ایس ای سی پی کا غیر مجاز ٹریڈنگ پلیٹ فارم ’’ایکویٹرکس انویسٹمنٹ مینجمنٹ ایل ایل سی‘‘ اور ’’اے ایچ ایل ایکسچینج ڈاٹ کام‘‘ کے خلاف عوامی انتباہ جاری

اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے دو غیر قانونی آن لائن ٹریڈنگ پلیٹ فارمز ’’ایکویٹرکس انویسٹمنٹ مینجمنٹ ایل ایل سی‘‘ اور ’’اے ایچ ایل ایکسچینج ڈاٹ کام کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پلیٹ فارمز عوام کو لسٹڈ کمپنیوں کے شیئرز میں سرمایہ کاری پر غیر حقیقی اور بڑھا چڑھا کر پیش کیے گئے منافع کا لالچ دے رہے …

اسلام آباد۔28نومبر (اے پی پی):سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے دو غیر قانونی آن لائن ٹریڈنگ پلیٹ فارمز ’’ایکویٹرکس انویسٹمنٹ مینجمنٹ ایل ایل سی‘‘ اور ’’اے ایچ ایل ایکسچینج ڈاٹ کام کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پلیٹ فارمز عوام کو لسٹڈ کمپنیوں کے شیئرز میں سرمایہ کاری پر غیر حقیقی اور بڑھا چڑھا کر پیش کیے گئے منافع کا لالچ دے رہے ہیں۔ ان پلیٹ فارمز نے غلط طور پر اپنے آپ کو لائسنس یافتہ بروکریج ہائوس عارف حبیب لمیٹڈ کے ساتھ منسلک ظاہر کیا ہے۔ ایس ای سی پی کی جانب سےیہ ہدایت نامہ عوام کو غیر قانونی سرمایہ کاری اور ٹریڈنگ پلیٹ فارمز سے خبردار کرنے کے لیے ایس ای سی پی کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔

کمیشن نے واضح کیا ہے کہ ایسے پلیٹ فارمز عام طور پر سوشل میڈیا اور واٹس ایپ گروپس کے ذریعے ان افراد کی جانب سے فروغ دیئے جاتے ہیں جو دھوکہ دہی سے لائسنس یافتہ سکیورٹیز اور کموڈیٹیز بروکرز کے نام استعمال کرتے ہیں۔عوام کو مطلع کیا جاتا ہے کہ ’’ایکویٹرکس انویسٹمنٹ مینجمنٹ ایل ایل سی‘‘ اور ’’اے ایچ ایل ایکسچینج ڈاٹ کام‘‘ نہ تو ایس ای سی پی سے لائسنس یافتہ ہیں اور نہ ہی انہیں کسی قسم کی سرمایہ کاری یا ٹریڈنگ پلیٹ فارم چلانے کی اجازت ہے۔ایس ای سی پی نے ان غیر قانونی پلیٹ فارمز کی رپورٹ متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھی کر دی ہے۔کمیشن کی جانب سے عوام کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ صرف ایس ای سی پی سے لائسنس یافتہ سکیورٹیز اور فیوچرز بروکرز کے ساتھ ہی لین دین کریں اور رابطہ بھی صرف ان کے سرکاری ذرائع ابلاغ کے ذریعے کریں جو ان کی متعلقہ ویب سائٹس پر فراہم کیے گئے ہیں۔

لائسنس یافتہ بروکرز کی فہرست پاکستان سٹاک ایکسچینج اور پاکستان مرکنٹائل ایکسچینج کی ویب سائٹس پر دستیاب ہے۔ایس ای سی پی نے سرمایہ کاروں پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ چوکس رہیں، جعل ساز پلیٹ فارمز سے گریز کریں اور کسی بھی مالی لین دین یا ذاتی معلومات فراہم کرنے سے قبل سرمایہ کاری کی کسی بھی سروس کی قانونی حیثیت کی تصدیق ضرور کریں۔ایس ای سی پی نے عوام کو سختی سے متنبہ کیا ہے کہ وہ ’’ایکویٹرکس انویسٹمنٹ مینجمنٹ ایل ایل سی‘‘ اور ’’اے ایچ ایل ایکسچینج ڈاٹ کام‘‘ یا ایسے کسی بھی فرد یا گروہ کے پاس ہرگز کوئی رقم جمع نہ کروائیں یا سرمایہ کاری نہ کریں جو اسی نوعیت کے غیر قانونی پلیٹ فارمز کو فروغ دے رہے ہوں۔

 

مزید خبریں