اسلام آباد ۔29نومبر (اے پی پی):دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں جاری تعمیراتی صنعت کی عالمی سطح کی سب سے بڑی نمائش بگ 5 گلوبل 2025 میں اس بار پہلی مرتبہ پاکستانی تعمیراتی کمپنیوں نے خصوصی پویلین کے ساتھ بھرپور شرکت کی جسے بین الاقوامی سطح پر خوب سراہا گیا۔’بگ 5 گلوبل‘ دنیا کی معروف تعمیراتی نمائش ہے جس میں شہری منصوبہ بندی، پائیداری، انفراسٹرکچر اور جدید تعمیراتی ٹیکنالوجی پر خصوصی …
دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں بگ 5 گلوبل 2025، پاکستانی تعمیراتی کمپنیوں کی پہلی بار شاندار شرکت

مزید خبریں
اسلام آباد ۔29نومبر (اے پی پی):دبئی ورلڈ ٹریڈ سینٹر میں جاری تعمیراتی صنعت کی عالمی سطح کی سب سے بڑی نمائش بگ 5 گلوبل 2025 میں اس بار پہلی مرتبہ پاکستانی تعمیراتی کمپنیوں نے خصوصی پویلین کے ساتھ بھرپور شرکت کی جسے بین الاقوامی سطح پر خوب سراہا گیا۔’بگ 5 گلوبل‘ دنیا کی معروف تعمیراتی نمائش ہے جس میں شہری منصوبہ بندی، پائیداری، انفراسٹرکچر اور جدید تعمیراتی ٹیکنالوجی پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔
رواں سال نمائش میں 85 ہزار سے زائد شرکاء اور 2,800 عالمی نمائش کنندگان شریک ہیں، جن میں پاکستان کی نمائندگی مقتدرہ ترقی تجارت پاکستان (EDB/TDAP) کے تعاون سے شامل 9 پاکستانی کمپنیوں نے کی۔دبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد نے پاکستانی پویلین کا افتتاح کیا، جہاں پاکستانی کمپنیوں نے جدید بلڈنگ سسٹمز، تعمیراتی ٹیکنالوجی، انجینئرنگ میٹریلز اور معیاری مصنوعات پیش کیں۔
پویلین نے نہ صرف بین الاقوامی تاجروں کی توجہ حاصل کی بلکہ پاکستان کی تعمیراتی صنعت کی استعداد اور معیار بھی اجاگر کیا۔یہ عالمی نمائش خلیجی ممالک سمیت دنیا بھر کی بڑی کمپنیوں کو خطے کے سب سے بڑے تعمیراتی پلیٹ فارم تک رسائی فراہم کرتی ہے۔ پاکستانی کمپنیوں کی شرکت سے خلیج میں رئیل اسٹیٹ، انفراسٹرکچر اور میگا پراجیکٹس کی منڈی میں پاکستان کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق اس بین الاقوامی نمائش میں پاکستان کی فعال شرکت سے ملکی برآمدات میں اضافہ، صنعتی ساکھ میں بہتری اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر یہ بھی واضح ہوا کہ ایس آئی ایف سی کے موثر اقدامات کی بدولت پاکستان میں صنعتی و تجارتی ترقی کی راہیں مزید ہموار ہو رہی ہیں۔پاکستانی پویلین کی نمایاں کامیابی نے عالمی مارکیٹ میں پاکستان کی تعمیراتی صلاحیت اور معیار کو نمایاں طور پر اجاگر کیا ہے، جو مستقبل میں خطے میں نئے کاروباری اشتراکات اور سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرے گی۔








