پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تیزی کی نئی لہر، ہنڈرڈ انڈیکس 1,69,223 پوائنٹس کی حد عبور کر گیا

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):پاکستان سٹاک ایکسچینج میں منگل کے روز بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا، جہاں ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور خریداری نے مارکیٹ کے مجموعی اعتماد کو مزید مستحکم کیا۔ مارکیٹ کھلتے ہی ہنڈرڈ انڈیکس میں 923 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس بڑھ کر 1,69,223 پوائنٹس کی نئی تاریخی سطح پر جا پہنچا۔ مارکیٹ …

اسلام آباد۔9دسمبر (اے پی پی):پاکستان سٹاک ایکسچینج میں منگل کے روز بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا، جہاں ٹریڈنگ کے آغاز سے ہی سرمایہ کاروں کی جانب سے بھرپور خریداری نے مارکیٹ کے مجموعی اعتماد کو مزید مستحکم کیا۔ مارکیٹ کھلتے ہی ہنڈرڈ انڈیکس میں 923 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس بڑھ کر 1,69,223 پوائنٹس کی نئی تاریخی سطح پر جا پہنچا۔

مارکیٹ ماہرین کے مطابق بینکنگ، سیمنٹ، تیل و گیس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں نمایاں خریداری دیکھی گئی، جس نے مجموعی انڈیکس کو سہارا دیا۔ سرمایہ کاروں کو امید ہے کہ حکومتی معاشی اقدامات، مالیاتی اصلاحات اور آئی ایم ایف پروگرام میں پیش رفت مارکیٹ کے لیے مزید استحکام کا باعث بنے گی۔کاروباری حلقوں کا کہنا ہے کہ پالیسی ساز اداروں کی طرف سے مالیاتی نظم و ضبط، بہتر ٹیکس اصلاحات اور زرمبادلہ ذخائر میں بہتری کی توقعات نے سرمایہ کاروں کے اعتماد کو مزید مضبوط کیا ہے۔فاریکس مارکیٹ میں بھی آج خاصی استحکام دیکھا گیا۔ انٹربینک میں امریکی ڈالر 280.41 روپے کی سطح پر برقرار رہا۔

کرنسی ڈیلرز کے مطابق درآمدی ادائیگیوں میں بہتری، زرمبادلہ ذخائر کے مستحکم رہنے اور سٹیٹ بینک کی مؤثر نگرانی نے روپے کو سہارا دیا ہے۔معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سٹاک مارکیٹ میں مسلسل تیزی اس بات کی علامت ہے کہ سرمایہ کار ملکی معیشت کے مستقبل کے بارے میں قدرے پُرامید ہیں۔پاکستان سٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے روز بھی مضبوط تیزی نے سرمایہ کاروں کے لیے مثبت ماحول پیدا کیا ہے۔ معاشی اشاریوں میں بہتری اور سیاسی استحکام کی توقعات آنے والے دنوں میں مارکیٹ کو مزید تقویت فراہم کر سکتے ہیں۔