چین کی کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری سے دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہورہے ہیں،چوہدری شافع حسین

لاہور۔10دسمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے چین کی سرمایہ کار کمپنیوں کے حکام نے ملاقات کی۔پیسک ہائوس میں ہونے والی ملاقات میں پنجاب میں چین کی کمپنیوں کی سرمایہ کاری پر بات چیت ہوئی۔صوبائی وزیر نے پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہاکہ چین کی متعدد کمپنیوں نے پنجاب …

لاہور۔10دسمبر (اے پی پی):صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے چین کی سرمایہ کار کمپنیوں کے حکام نے ملاقات کی۔پیسک ہائوس میں ہونے والی ملاقات میں پنجاب میں چین کی کمپنیوں کی سرمایہ کاری پر بات چیت ہوئی۔صوبائی وزیر نے پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہاکہ چین کی متعدد کمپنیوں نے پنجاب کے مختلف شعبوں میں اربوں روپے کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے،گزشتہ 2 سالوں میں اربوں روپے کی مزید غیر ملکی سرمایہ کاری آچکی ہے۔چین کی نئی کمپنیاں پنجاب کے مختلف شعبوں میں مزید سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔پنجاب کے خصوصی اقتصادی زونز میں الیکٹرک وہیکلز سیکٹر اور لیتھیئم بیٹریوں کی مینوفیکچرنگ کے کارخانے بھی لگ رہے ہیں۔

چوہدری شافع حسین نے کہا کہ وی وی موبائل فون کی مینوفیکچرنگ کا کارخانہ جلد پیدا وار شروع کر دے گا۔فیڈمک کے زیر اہتمام انڈسٹریل اسٹیٹس میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے کمیونٹی سینٹر بننے سے انہیں سہولت ملے گی،یہاں مختلف بنکوں کی برانچیں کھل رہی ہیں جس سے سرمایہ کاروں کیلئے آسانیاں پیدا ہوں گی۔وزیرصنعت و تجارت پنجاب نے کہاکہ چین کی نئی کمپنیوں کی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں،چین کی نئی کمپنیاں پنجاب کے ای وی،ٹرانسپورٹ، زراعت، لائیوسٹاک،ای وی چارجنگ اسٹیشنز اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں،پنجاب حکومت سرمایہ کاری پر ہرممکن تعاون فراہم کرے گی۔

چوہدری شافع حسین نے کہاکہ پاکستان اور چین کے مابین مضبوط معاشی تعاون اور لازوال دوستی کا رشتہ موجود ہے۔چین کی کمپنیوں کی بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری سے دونوں ممالک کے تعلقات مضبوط سے مضبوط تر ہورہے ہیں۔چین کی سرمایہ کار کمپنیوں نے پنجاب میں مزید سرمایہ کاری میں دلچسپی کااظہارکیا۔سرمایہ کاروں کے وفد میں میرا پی سی چائنا کی ڈائریکٹرسنڈی چن،ای کامرس کی مسز رایا ہانگ ایمازون،سپلائی چین مینجیم پرائیویٹ لمیٹڈ کے مسٹر مائیکل زینگ اور دیگر شامل تھے۔سید اظفر علی ناصر بھی ملاقات میں موجود تھے۔