برآمدات کو فروغ دینے کیلئے ڈیزائن اینڈ ای کامرس سینٹر آف ایکسی لینس قائم کیا جائے گا، میاں کاشف اشفاق

لاہور۔14دسمبر (اے پی پی):بورڈ آف انڈسٹریل کولیبریشن ٹو انہانس فیشن ایکسپورٹ کے چیئرپرسن میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ عالمی منڈیوں میں ڈیزائن کی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن میں241 ملین روپے کی لاگت سے ملک کا پہلا جدید ترین ڈیزائن اینڈ ای کامرس سینٹر آف ایکسی لینس قائم کیا جائے گا جو جون 2028 تک مکمل کر لیا جائے گا۔ اتوار …

لاہور۔14دسمبر (اے پی پی):بورڈ آف انڈسٹریل کولیبریشن ٹو انہانس فیشن ایکسپورٹ کے چیئرپرسن میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ عالمی منڈیوں میں ڈیزائن کی برآمدات کو فروغ دینے کے لیے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف فیشن اینڈ ڈیزائن میں241 ملین روپے کی لاگت سے ملک کا پہلا جدید ترین ڈیزائن اینڈ ای کامرس سینٹر آف ایکسی لینس قائم کیا جائے گا جو جون 2028 تک مکمل کر لیا جائے گا۔

اتوار کو یہاں بورڈ آف انڈسٹریل کولیبریشن ٹو انہانس فیشن ایکسپورٹ کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عالمی فیشن انڈسٹری کا کل حجم تین ہزار بلین ڈالر سے زیادہ اور دنیا بھر میں تقریبا 3.8 بلین لوگ اس تجارت سے وابستہ ہیں جبکہ اتنے وسیع امکانات کے باوجود اس میں پاکستان کا حصہ ایک فیصد سے بھی کم ہے۔ میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ فیشن اور ڈیزائن کی صنعت کی برآمدی صلاحیت کو بروئے کار لاکر اور سنٹر آف ایکسی لینس میں انتہائی ہنر مند مقامی دستکار تیار کرکے اس خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے یہ بورڈ قائم کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی منڈیوں میں مقبول عصری ڈیزائنز کو صارفین کی پسند کے مطابق جدید سائنسی مماثلت پر تیار کیا جائے گا، پورٹل، ایپس اور ڈیجیٹل ہب بھی تیار کیے جائیں گے۔ یہ مرکز ای کامرس کے ذریعے روزگار کمانے کے لیے درکار مہارتوں میں بھی مدد کرے گا تاکہ آمدنی کے دیگر ذرائع پر انحصار کم کر کے زیادہ مالی خود مختاری کی طرف بڑھا جا سکے۔

میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ دستکار، ڈیزائنرز، انٹرپرینیور، چیمبرز، اپٹما، سمیڈا، الائیڈ انڈسٹریز، پاکستان فیشن اینڈ ڈیزائن کونسل اور باصلاحیت نوجوانوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز مطلوبہ نتائج کے حصول کے لیے تمام کوششوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں گے۔اس موقع پر طیبہ خلیل نے شرکاء کو بتایا کہ پاکستان انسٹیٹیوٹ کی اعلی تعلیم یافتہ فیکلٹی تمام طلبہ کو مقامی اور غیر ملکی مارکیٹوں میں اپنا ای کامرس کاروبار چلانے میں مدد فراہم کرے گی۔