اسسٹنٹ ڈائریکٹر فارن سروسز اکیڈمی کی زیر قیادت غیر ملکی سفارتکاروں کے وفد کا سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ

سیالکوٹ۔16دسمبر (اے پی پی):اسسٹنٹ ڈائریکٹر فارن سروسز اکیڈمی اسلام آباد حسیب آصف کی قیادت میں غیر ملکی سفارتکاروں کے ایک وفد نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ منگل کو دورہ کے موقع پر صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سید احتشام مظہر گیلانی ا ور سینئر نائب صدر میاں مراد ارشد نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں سیالکوٹ چیمبر آف کامرس آمد …

سیالکوٹ۔16دسمبر (اے پی پی):اسسٹنٹ ڈائریکٹر فارن سروسز اکیڈمی اسلام آباد حسیب آصف کی قیادت میں غیر ملکی سفارتکاروں کے ایک وفد نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا۔ منگل کو دورہ کے موقع پر صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سید احتشام مظہر گیلانی ا ور سینئر نائب صدر میاں مراد ارشد نے معزز مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں سیالکوٹ چیمبر آف کامرس آمد پر خوش آمدید کہا۔

خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سید احتشام مظہر گیلانی نے کہا کہ فارن سروسز اکیڈمی اسلام آباد کی جانب سے اس وفد کے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے دورے کا خیر مقدم کرتے ہیں اور فارن سروسز اکیڈمی کے مشکور ہیں جس نے اس مفید دورے کے انعقاد کو یقینی بنایا۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے ہنرمند و محنتی صنعتکاروں کی مثال نہیں ملتی جو اپنے ساتھ ساتھ ملک و قوم کے لیے زرمبادلہ کما رہے ہیں اور ملکی معیشت کے استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے محنتی و جفاکش صنعتکار اور ہنرمند کاریگر دن رات محنت کرتے ہیں اور اپنی تیار کردہ مصنوعات بیرون ممالک میں بھیج کر اپنے گاہکوں کے معیار پر پورا اترتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں۔

صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کا کہنا تھا کہ پاکستان بالخصوص سیالکوٹ پوری دنیا میں اپنی ایک الگ شناخت رکھتا ہے اور یہی وجہ ہے کہ دنیا کی مقبول ترین کھیل فٹ بال کے لیے تیار کردہ فٹ بال بھی اسی صنعتی شہر سیالکوٹ سے فارورڈ سپورٹس سے تیار ہوتا ہے جو ہم سب کے لیے ایک اعزاز کی بات ہے۔

اس کے بعد اسسٹنٹ ڈائریکٹر فارن سروسز اکیڈمی حسیب آصف نے پرتپاک استقبال پر صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سید احتشام مظہر اور ان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کیا اور غیر ملکی سفارتکاروں کے وفد میں آئے افراد سے ایک ایک کر کے اپنا تعارف کرانے کا کہا تاکہ یہ معلوم ہو سکے کہ کس ملک میں پاکستان کی کون سی مصنوعات بھیجی جا سکتی ہیں۔

غیر ملکی سفارتکاروں نے بہترین خوش آمدید کہنے پر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مذید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔جن غیر ملکی سفارتکاروں نے سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا ان میں کوسٹاریکا، انڈونیشیا، ملائیشیا، موریشس، ایران، لائبیریا، پاپوا نیو گنی، منگولیا اور البانیہ کے سفارتکار شامل تھے جنہیں سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کی روایت کو برقرار رکھنے ہوئے پر تکلف ظہرانہ کے ساتھ ساتھ یادگاری شیلڈز اور تحائف سے بھی نوازا گیا۔