حسابات جاریہ کے کھاتوں کاخسارہ جاری مالی سال کے پہلے 5ماہ میں 812 ملین ریکارڈ، نومبرمیں کرنٹ اکائونٹ بیلنس 100 ملین ڈالر فاضل ، اشیاء کے تجارتی خسارہ میں 30.3 فیصد اضافہ

اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):حسابات جاریہ کے کھاتوں کاخسارہ جاری مالی سال کے پہلے 5ماہ میں 812 ملین جبکہ نومبرمیں کرنٹ اکائونٹ بیلنس 100 ملین ڈالر فاضل ریکارڈ کیا گیا ، جاری مالی سال کے دوران اشیاء کے تجارتی خسارہ میں 30.3 فیصد اضافہ ہواہے۔سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعدادوشمارکے مطابق جو لائی سے لیکر نومبر 2025ء تک کی مدت میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کاخسارہ 812 ملین ڈالر …

اسلام آباد۔17دسمبر (اے پی پی):حسابات جاریہ کے کھاتوں کاخسارہ جاری مالی سال کے پہلے 5ماہ میں 812 ملین جبکہ نومبرمیں کرنٹ اکائونٹ بیلنس 100 ملین ڈالر فاضل ریکارڈ کیا گیا ، جاری مالی سال کے دوران اشیاء کے تجارتی خسارہ میں 30.3 فیصد اضافہ ہواہے۔سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری اعدادوشمارکے مطابق جو لائی سے لیکر نومبر 2025ء تک کی مدت میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کاخسارہ 812 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 503 ملین ڈالر فاضل تھا،نومبرمیں حسابات جاریہ کے کھاتوں کاتوازن 100 ملین ڈالر فاضل ریکارڈ کیا گیا جو اکتوبرمیں 291 ملین ڈالر خسارہ میں تھا۔

اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے 5ماہ میں اشیاء کاتجارتی خسارہ 12.769 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 9.799 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 30.30 فیصد زیادہ ہے،نومبرمیں اشیاء کاتجارتی خسارہ 2.454 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو اکتوبرمیں 2.751 ارب ڈالر ارب ڈالر اورگزشتہ سال نومبرمیں 1.322 ارب ڈالر تھا،مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں اشیاء کی برآمدات کاحجم 12.790 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 13.212 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 3 فیصد کم ہے،

نومبرمیں اشیاء کی برآمدات کاحجم 2.273 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو اکتوبرمیں 2.632 ارب ڈالر اورگزشتہ سال نومبرمیں 2.788 ارب ڈالر تھا، مالی سال کے پہلے 5ماہ میں اشیاء کی درآمدات پر25.55 ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہواجو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 23.011 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 11 فیصد زیادہ ہے،

نومبرمیں اشیاء کی درآمدات کاحجم 4.727 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو اکتوبرمیں 5.383 ارب ڈالر اورگزشتہ سال نومبرمیں 4.110 ارب ڈالر تھا۔ سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں خدمات کے شعبہ کی برآمدات سے ملک کو3.832 ارب ڈالر زرمبادلہ حاصل ہواجو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 3.284 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 17 فیصد زیادہ ہے،

نومبرمیں خدمات کی برآمدات کاحجم 813 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو اکتوبرمیں 811 ملین ڈالر اورگزشتہ سال نومبرمیں 667 ملین ڈالر تھا، مالی سال کے پہلے 5ماہ میں خدمات کی درآمدات پر5.148 ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہواجو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 4.564 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 13 فیصد زیادہ ہے۔سٹیٹ بینک کے مطابق پرائمری بیلنس 3.829 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 3.980 ارب ڈالر تھا۔