پاک چین اور پاک ایران سرحدی تجارت میں اہم پیش رفت

اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):تجارت کے فروغ اور تجارتی سامان کی سکیورٹی کو مؤثر بنانے کے لیے نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) نے جدید ترین سکینر سسٹم نصب کر دیے ہیں۔یہ جدید سکینرز پاک چین سرحد پر سوست ڈرائی پورٹ اور پاک ایران سرحد پر گبد بارڈر ٹرمینل میں نصب کیے گئے ہیں۔جدید سکینرز محض 22 سیکنڈ میں گاڑیوں کو سکین کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جس سے کلیئرنس …

اسلام آباد۔19دسمبر (اے پی پی):تجارت کے فروغ اور تجارتی سامان کی سکیورٹی کو مؤثر بنانے کے لیے نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (این ایل سی) نے جدید ترین سکینر سسٹم نصب کر دیے ہیں۔یہ جدید سکینرز پاک چین سرحد پر سوست ڈرائی پورٹ اور پاک ایران سرحد پر گبد بارڈر ٹرمینل میں نصب کیے گئے ہیں۔جدید سکینرز محض 22 سیکنڈ میں گاڑیوں کو سکین کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، جس سے کلیئرنس کے عمل میں نمایاں تیزی آئے گی اور کنٹینرز کے انتظار کا دورانیہ خاطر خواہ حد تک کم ہو جائے گا۔

اہم تجارتی راہداریوں پر اس پیش رفت کے نتیجے میں مجموعی تجارتی کارکردگی میں واضح بہتری متوقع ہے۔ مصنوعی ذہانت سے لیس یہ سکینرز کوڈ کی درست شناخت کے ساتھ ساتھ تجارتی سامان کی ساخت کا باریک بینی سے تجزیہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ہر سکین کے ذریعے حاصل ہونے والا ڈیٹا تجارتی عمل میں شفافیت کو فروغ دیتا ہے، جبکہ معائنے کے مراحل میں انسانی مداخلت کم ہونے سے قانونی تجارت مزید تیز اور مؤثر ہو جائے گی۔

چین اور ایران کے ساتھ بڑھتی ہوئی تجارت کے تناظر میں اس پیش رفت کو نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ یہ اقدام سرحدی تجارت کے فروغ اور علاقائی روابط کے استحکام میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔این ایل سی جدید سرحدی انفراسٹرکچر کے ذریعے پاکستان کے تجارتی نظام کو عالمی معیار سے ہم آہنگ اور مؤثر بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔