اسسٹنٹ کمشنر داسو ہیڈکوارٹرز کی زیر صدارت اجلاس، کندیا ویلی روڈ کی صورتحال کا جائزہ لیا

اسسٹنٹ کمشنر داسو ہیڈکوارٹرز گل فراز خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد کیا گیا،جس میں موجودہ موسمی حالات اور ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر کندیا ویلی روڈ کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

ایبٹ آباد۔ 09 جون (اے پی پی):اسسٹنٹ کمشنر داسو ہیڈکوارٹرز گل فراز خان کی زیر صدارت اجلاس منعقد کیا گیا،جس میں موجودہ موسمی حالات اور ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر کندیا ویلی روڈ کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر آفس کوہستان اپر کے مطابق اجلاس میں سڑک کو درپیش خطرات، حفاظتی اقدامات، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی تیاریوں اور آمدورفت کو بلا تعطل برقرار رکھنے کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر پیشگی اقدامات یقینی بنائے جائیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری رکھی جائے تاکہ عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔