نوابشاہ ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت عوامی صحت سے متعلق اجلاس، طبی سہولیات بہتر بنانے کی ہدایات

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون شہید بینظیرآباد صدام حسین میمن کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس کے دربار ہال میں عوامی صحت سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔

نوابشاہ۔ 09 جون (اے پی پی):ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون شہید بینظیرآباد صدام حسین میمن کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس کے دربار ہال میں عوامی صحت سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع بھر میں صحت کی سہولیات، بچوں کے علاج، بلڈ بینکس کے امور، تھیلیسیمیا مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور طبی مراکز کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون صدام حسین میمن نے کہا کہ عوام کو معیاری اور محفوظ طبی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سرکاری و نجی اسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے، ایمرجنسی سروسز کو ہر وقت فعال رکھا جائے اور بلڈ بینکس میں معیار اور حفاظتی اصولوں پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ غیر قانونی طبی سرگرمیوں، غیر رجسٹرڈ مراکز اور غیر معیاری طبی سروسز فراہم کرنے والوں کے خلاف کارروائی مزید مؤثر بنائی جائے۔ اجلاس میں بچوں کی صحت، محفوظ خون کی فراہمی، تھیلیسیمیا کے مریضوں کے علاج اور صحت کے شعبے میں اداروں کے درمیان بہتر رابطے کے فروغ پر بھی زور دیا گیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں تاکہ صحت عامہ کے نظام کو مزید مؤثر اور عوام دوست بنایا جا سکے۔اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر مدثر حسین، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ پی ایم سی ایچ نواب شاہ ڈاکٹر یار علی جمالی، ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی محمد ذاکر سموں، سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی، سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن، چائلڈ لائف فاؤنڈیشن، تھیلیسیمیا ویلفیئر سوسائٹی کے ڈاکٹر صادق سیال، غلام نبی چنہ کے علاؤہ نجی میڈیکل سینٹرز، بلڈ بینکس اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی