ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر گڑھی کپورہ مردان فریال شعیب نے کسانوں کے مسائل کے حل کے لیے فارم سروسز سینٹر شہبازگڑھی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا
مردان ،ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر گڑھی کپورہ کی کسانوں کے لئےکھلی کچہری،متعدد شکایات حل کر دیں

مزید خبریں
پشاور۔ 09 جون (اے پی پی):ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر گڑھی کپورہ مردان فریال شعیب نے کسانوں کے مسائل کے حل کے لیے فارم سروسز سینٹر شہبازگڑھی میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ڈپٹی کمشنر مردان کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق کھلی کچہری میں فارم سروسز سینٹر کے انچارج، ٹی ایم اے گڑھی کپورہ انسپکٹر و عملہ سمیت علاقے کے زمینداروں، کاشتکاروں اور کسانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
شرکا نے زرعی شعبے کے مسائل، شکایات اور تجاویز پیش کیں۔ کسانوں نے بیج کی قیمتوں میں کمی، لوکل مارکیٹ میں بیج کی کوالٹی چیکنگ، شہبازگڑھی کے مختلف علاقوں میں آبپاشی کے کھالوں کی مرمت اور ٹیوب ویلز کے سولرائزیشن پلان پر بھی بات کی۔ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرنے متعدد شکایات موقع پر حل کر دیں جبکہ بقیہ معاملات مزید کارروائی کے لیے متعلقہ محکموں کو بھجوا دیئے گئے۔ اس موقع پر کسانوں میں فروٹ فلائی سے بچاؤ کے لیے Fruit Fly Trap بھی تقسیم کیے گئے تاکہ وہ بغیر کیمیکل کے پھلوں کو کیڑوں سے محفوظ رکھ سکیں۔اس موقع پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر گڑھی کپورہ مردان نےکہا کہ عوامی مسائل کو دہلیز پر حل کرنا ترجیح ہے اور کسانوں کے مسائل کے بروقت حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔








